Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ 

الیکشن کمیشن اسلام آباد میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں ووٹر لسٹوں سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت تین رکنی کمیشن نے درخواست پرسماعت کی۔

ایم کیو ایم کے وکیل کے دلائل

ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور مؤقف بیان کیا کہ 5 جنوری کو الیکشن کمیشن کا نوٹس موصول ہوا۔ الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کرانے کا اعلان کیا۔

وکیل ایم کیوایم نے کہا کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے سندھ میں حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات متعدد مرتبہ ملتوی ہوئے۔ الیکشن کمیشن کا 29 اپریل کا نوٹیفکیشن منسوخ نہیں کیا گیا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن کو درخواست لکھی گئی۔ الیکٹورل رولز کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا

وکیل ایم کیو ایم نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے 7 اکتوبر کو نظر ثانی شدہ ووٹر لسٹ جاری کی۔ دوسرے مرحلے کے انتخابات کیلئے نئی ووٹرلسٹوں کا استعمال خلاف قانون ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ووٹر لسٹوں پر پہلے کبھی اعتراض نہیں کیا۔ پہلے ایم کیوایم حلقہ بندیوں پراعتراضات کرتی تھی۔ ایم کیو ایم نے ہائی کورٹ، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں اپیلیں کیں۔ کوئی اوراعتراض ہے وہ بھی سامنے لے آئیں تاکہ اکٹھا فیصلہ کریں۔

ممبربابرحسن بھروانہ نے کہا کہ ایم کیوایم کا اعتراض ہے کہ بلدیاتی انتخابات پرانی ووٹر لسٹوں پر کرائے جائیں۔

وکیل ایم کیو ایم نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ میں ہماری درخواست زیرالتوا ہے، سندھ ہائی کورٹ کے فل بنچ کے سماعت کی درخواست کی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں یہ معاملہ 6 ماہ سے زیرالتوا ہیں۔

چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات ایم کیوایم نے کن فہرستوں پرلڑے۔ ضمنی انتخابات اور بلدیاتی انتخابات پہلا مرحلہ کن فہرستوں پرلڑا گیا۔ بلدیاتی انتخابات قریب آئے تو ووٹر لسٹوں پر اعتراض لے آئے ہیں۔ تمام اعتراضات آج بتا دیں تاکہ ایک مرتبہ ہی معاملہ حل ہوجائے۔

ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 29 اپریل کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا۔ 29 اپریل کو الیکشن کمیشن کا کورم مکمل نہیں تھا۔

’’1250 میل کا سفر کر کے آیا ہوں‘‘

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا آپ کہنا چاہ رہے ہیں کہ آج الیکشن کمیشن کا کورم پورا نہیں؟  جس پر وکیل ایم کیو ایم نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جب بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا اس وقت کورم پورا نہیں تھا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ دلائل مختصرکریں، بہت سن لیا آپ کو جس پروکیل نے جواب دیا کہ  1250 میل کا سفر کر کے آیا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کو 1250 دن دلائل کیلئے دیں، آپ نئی انتخابی ووٹر لسٹوں پر بلدیاتی الیکشن چاہتے ہیں؟

ایم کیو ایم کے وکیل کی سرزنش

ایم کیو ایم کے وکیل نے جواب دیا کہ کورم پورا کیے بغیرالیکشن کمیشن فیصلے نہیں کرسکتا۔ چیف الیکشن کمشنر نے جواب دیا آپ ایک مہینہ دلائل دیں ہم آپ کو سنتے ہیں۔ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات میں دو الیکٹورل رولز استعمال نہیں کررہا۔

چیف الیکشن کمشنرنے ایم کیو ایم کے وکیل کو جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کہ آپ کوالیکٹورل رولز کی بنیادی چیزکا پتہ نہیں۔ اس طرح بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کرانا چاہتے ہیں تو ایسا نہیں ہوگا۔ آپ کے اب تک کے دلائل بلکل غلط ہیں۔

ایڈیشنل اے جی سندھ کو وقت دینے کی درخواست مسترد

سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے دلائل کی تیاری کیلئے وقت مانگ لیا جس پر الیکشن کمیشن نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو دلائل دینے کا وقت دینے کی درخواست مسترد کردی۔

ایڈیشنل ایڈووکیت جنرل سندھ نے کہا کہ دلائل کا حق ختم نہ کیا جائے۔ میں تو ابھی تک فائل بھی نہیں پڑھ سکا جس پر الیکشن کمشنر نے کہا کہ فائل نہ پڑھنا الیکشن کمیشن کی نہیں آپ کی غلطی ہے۔

وکیل جماعت اسلامی نے دلائل دیے کہ حیلے بہانے بنا کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی کراچی میں بلدیاتی انتخابات وقت پر چاہتی ہے۔

ایم کیو ایم وکیل نے کہا کہ مجھے اپنے اعتراضات پیش کرنے کا حق ہے۔ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کو تیار ہے۔ نئی ووٹر لسٹوں کے بعد پرانی ووٹر لسٹوں پر الیکشن نہیں کرائے جاسکتے۔

ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ نئی ووٹر لسٹوں کا اطلاق آئندہ عام انتخابات سے ہوگا جب کہ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آج دلائل سے لگ رہا ہے کم کلاس میں بیٹھے ہیں۔ جن قوانین کا حوالہ دے ریے ہیں وہ مت پڑھیں ہمیں یاد ہیں۔

وکیل ایم کیو ایم نے کہا کہ مجھے قوانین پڑھنے دیں۔ ہمارے ووٹرمتاثر ہورہے ہیں الیکشن کمیشن کو مجھے سننا ہوگا۔ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے پاس سپریم اختیارات ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایسی باتیں سیاسی جماعتوں کی میٹنگز میں کی جانی چاہییں۔ ووٹ کی ٹرانسفر کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے پورا پروسیجر دیا ہے۔ الیکشن سے ایک دن پہلے دن ووٹر لسٹیں اپڈیٹ ہوتی رہتی ہیں۔

وکیل ایم کیو ایم نے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ نئی ووٹرلسٹوں پر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔

اسپیشل سیکریٹری ظفراقبال ملک

اسپیشل سیکریٹری ظفراقبال ملک نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 29 اپریل کو شیڈول جاری کیا۔ اس وقت ایک ہی ووٹرفہرست تھی، روزانہ کی بنیادی پر ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوتا، ایم کیو ایم کے اعتراض مان لیں تو کبھی الیکشن نہ ہوسکیں۔

ڈی جی لا الیکشن کیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تین ارکان کی موجودگی میں کئی ضمنی انتخابات کرائے۔ کیا تین ارکان کے کرائے تمام ضمنی انتخابات کلعدم قرارہو جائیں گے؟ الیکشن کمیشن ووٹرلسٹوں پرنظر ثانی کرتا رہتا ہے۔ الیکشن کمیشن سندھ کے بلدیاتی انتخابات پرانی فہرستوں پر کرانے کی وضاحت کر چکا ہے

ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات نئی ووٹر لسٹوں پر کرانے کی درخواست مسترد کرے۔

چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ بلدیاتی انتخابات وقت پر کرانے کے حوالے سے حکومتوں کو خط لکھے ہیں، بلدیاتی انتخابات سے قبل قوانین تبدیل کرکے الیکشن کمیشن کے ہاتھ باندھے جاتے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی حکومتوں کو بھی وضاحت کیلئے خط لکھے۔ سیاسی جماعتوں کی بلدیاتی انتخابات وقت پر کرانے پر توجہ نہیں ہے

الیکشن کمیشن پاکستان نے ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اورسندھ حکومت کے دلائل مکمل ہونے کے بعد  کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

متعلقہ خبریں