Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اغوا ہوئی بچی کی عارضی کسٹڈی والدین کے حوالے کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی سے اغوا ہوئی مبینہ کم عمر بچی کی عارضی کسٹڈی والدین کے حوالے کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ 

سندھ ہائی کورٹ میں کم عمربچی کی کسٹڈی عارضی طور پروالدین کے حوالے کرنے کی درخواست پرہونے والی سماعت کا عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ دوجنوری کے عدالتی حکم پر مغویہ کو پیش کیا گیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ بچی کی شناخت معلوم کرنے کے بعد کچھ ضروری سوالات کیے گئے۔ بچی نے اپنا درست نام بتایا اور کہا کہ وہ شیلٹر ہوم میں رہائش پذیرہے۔ بچی نے پوچھنے پر واضح طور پر بتایا کہ وہ والدین کے ساتھ جانا چاہتی ہے۔

عدالتی تحریری حکم نامے کے مطابق ظہیراحمد کے وکیل نے درخواست کے قابل سماعت پراعتراض کیا۔ ظہیر احمد کے وکیل کے اعتراض کی قانون کی نظرمیں کوئی اہمیت نہیں ہے۔ مغویہ نے واضح طور کہا ہے وہ اپنے والدین کے ساتھ جانا چاہتی ہے۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ لہذا بچی کی عارضی کسٹڈی والدین کے حوالے کی جاتی ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی ضروری کارروائی کے بعد بچی والدین کے حوالے کریں۔ والدین نے یقین دہانی کرائی کہ تحفظ فراہم کریں گے جس کے بعد عدالت نے والدین کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے تحریری حکم  میں یہ بھی کہا کہ بچی کے مستقل کسٹڈی کا فیصلہ ٹرائل کورٹ کرے گی۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ہر ہفتے بچی کی فلاح و بہبود کے لیے گھر جا کر بچی سے ملاقات کرے گی۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کی بچی سی ملاقات کے وقت انسپکٹر رینک کا آفیسر موجود رہے۔

عدالتی تحریری حکم نامے میں مذید کہا گیا کہ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر اپنی رپورٹ ٹرائل کورٹ میں جمع کرائیں۔ ٹرائل کورٹ اگر کوئی بے قاعدگی دیکھے تو اس پر کارروائی کرسکتی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت کا احوال

متعلقہ خبریں