Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کم عمر اور عمر رسیدہ خواجہ سراؤں کیلئے پروٹیکشن سینٹر بنانے کی ہدایت

وفاقی شرعی عدالت نے وزارت ہیومین رائٹس کوعمررسیدہ اور کم عمر ٹرانسجینڈرزپروٹیکشن سینٹربنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی شرعی عدالت اسلام آباد میں ٹرانسجینڈر ایکٹ 2018 کو غیرشرعی قرار دینے سے متعلق درخواستوں کی پر سماعت ہوئی۔

قائم مقام چیف جسٹس شرعی عدالت سید محمد انور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کرتے ہوئے وزارت ہیومین رائٹس کو عمر رسیدہ  اور کم عمر ٹرانسجینڈرز پروٹیکشن سینٹر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس شرعی عدالت نے حکم دیا کہ سیکریٹری ہیومین رائٹس آج ہی قائم کردہ کمیٹی کے کینوئینر زمرد خان سے ملاقات کریں اور پروٹیکشن سینٹرز کے ایس او پیز فوری بنائے جائیں۔

عدالت نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق آئندہ سماعت پر پروٹیکشن سینٹر کی عمارت اور ایس او پیز پر مبنی رپورٹ پیش کریں۔ زمرد خان کامیابی سے اپنے ادارے کو چلا رہے ہیں۔

قائم مقام چیف جسٹس شرعی عدالت سید محمد انورنے کہا کہ حکومت ٹرانسجینڈرز کیلئے کچھ نہیں کرسکتی تو بتا دے۔ سب ہی ٹرانسجینڈرز کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں صرف وزارت نہیں۔ وزارت انسانی حقوق کی پیش کردہ رپورٹ عدالتی حکم کے مطابق نہیں۔

سیکریٹری انسانی حقوق نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر وزارت انسانی حقوق نے ٹرانسجینڈرز پروٹیکشن سینٹرز کیلئے زمرد خان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔

زمرد خان نے کہا کہ پروٹیکشن سینٹرز کیلئے اب تک وزارت انسانی حقوق کی جانب سے کوئی عمارت فراہم نہیں کی گئی۔ صرف عمارت فراہم کردی جائے، باقی سہولیات ہم خود فراہم کردیں گے۔

وفاقی شرعی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 جنوری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ خبریں