پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کے 35 استعفوں کی منظوری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ استعفے قبول کرنے ہیں تو سب قبول کریں۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے شہباز شریف کو بچانے کیلئے یہ حرکت کی ہے، موجودہ اپوزیشن لیڈر ان کے ہاتھ کی گھڑی ہیں، ہم نے فیصلہ کیا کہ اسپیکر کو درخواست دے کر اپنا اپوزیشن لیڈر نامزد کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنے استعفوں سے متعلق خط لکھا اور ملاقات کے لیے کہا لیکن ہمیں تحریری جواب دیا گیا کہ ایسا نہیں ہوتا، ایک ایک ممبر کو بلاکر تسلی کروں گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ استعفے قبول کرنے ہیں تو 125 استعفے پڑے ہیں تمام قبول کریں، یہ سلیکشن بدنیتی پر مبنی ہے، یہ نظام کے ساتھ کھیلا جارہا ہے، 35 استعفوں کی منظوری سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے بھی ایک طریقہ کار کا تعین کیا تھا، اسپیکر نے بھی کہا کہ وہ عدالتی طریقہ کار کے پابند ہیں۔
واضح رہے کہ شہباز سرکار نے پاکستان تحریک انصاف کا قومی اسمبلی میں واپسی کا راستہ روکنے کے لیے نئی حکمت عملی کے تحت پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے ہیں۔



















