عدالتِ عالیہ سندھ نے شہریوں کی گمشدگی کے فوری بعد پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے شہریوں کی گمشدگی کے فوری بعد مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جس علاقے سے شہری لاپتا ہوں متعلقہ تھانے میں فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے۔
درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ایس ایچ او شاہ لطیف کو حکم دیا کہ لاپتا شہری میرعلی حیدر کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی جائے۔
سندھ ہائی کورٹ نے متعلقہ ایس ایچ او کو لاپتا شہری کی فوری بازیابی کا حکم بھی دیا۔
وکیل درخواست گزارکا کہنا ہے کہ لاپتا شہری منظور احمد گھر واپس آ گیا ہے۔ گمشدگی کے دوران منطور احمد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جس پرعدالت نے شہری منظور کی گمشدگی کی درخواست نمٹادی۔
منظوراحمد اسٹیل ٹاؤن کے علاقے سے لاپتا ہوا تھا۔




















