Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسد قیصر کی اخراجِ مقدمہ کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی اخراجِ مقدمہ کی درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریکِ انصاف کے رہنما وسابق اسپیکراسد قیصر کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

اسد قیصر کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ریلیف نہ مل سکا، عدالت نے اُن کی درخواست مسترد کردی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ چالان جمع ہوچکا ہے معاملہ ٹرائل کورٹ میں زیر التواء ہے۔

 وکیل شیر افضل ایڈووکیٹ نے مؤقف پیش کیا کہ الزام ہےعمران خان کی ایما پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی گئی، جس پرعدالت نے کہا کہ آپ اخراج مقدمہ کے لیے آئے ہیں۔

وکیل شیر افضل ایڈووکیٹ نے کہا کہ الزام ہے کہ کارکنوں نے پولیس کو ڈرایا دھمکایا، کسی ایک شخص کا بیان درج نہیں کیا گیا جسے ڈرایا دھمکایا گیا ہو۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے  استفسار کیا کہ کیا کسی بیان میں اسد قیصر کا نام ہے؟ جس پر اسٹیٹ کونسل نے جواب دیا کہ بیان میں اسد قیصر کا نام موجود ہے، بیان کے مطابق ڈرایا دھمکایا گیا۔

وکیل شیرافضل مؤقف اپنایا کہ کوئی ایک شخص بتا دیں جو پولیس کے پاس گیا ہو کہ میں خوف زدہ ہوا ہوں جس پرعدالت نے کہا کہ یہ دلیل تو آپ کی ٹرائل کے دوران ہوسکتی ہے۔

بجلی کی بندش

اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد شہروں میں بجلی کی بندش کے باعث عدالتوں میں ججزاور وکلاء کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا،  ایمرجنسی لائٹ کے ذریعے عدالتی کارروائی کی گئی۔

عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کا دورانیہ زیادہ ہونے کی صورت میں ایمرجنسی لائٹ کی چارجنگ ختم ہو جائے گی۔

متعلقہ خبریں