Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فواد چودھری کیخلاف مقدمات کی تفصیلات لاہور ہائی کورٹ میں پیش کرنے کا حکم

لاہورہائی کورٹ نے فواد چودھری کے خلاف مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری کے خلاف مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت، حکومت پنجاب اور وفاقی وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔

عدالتِ عالیہ نے محکمہ ہوم پنجاب، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کردیے۔

سابق وفاقی وزیرفواد چودھری کے قریبی عزیز نبیل شہزاد کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیے جب کہ درخواست پر سماعت لاہورہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے کی۔

وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ فواد چوہدری کے خلاف بغاوت کا جھوٹا مقدمہ درج کروایا گیا۔ اس طرح کے متعدد مقدمات درج کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نگران حکومت کو کسی سیاسی شخصیت کے خلاف مقدمات درج کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ تمام فریقین کو مقدمات کی معلومات کے لیے خط لکھا گیا، کسی ادارے نے معلومات مہیا نہیں کیں۔ خدشہ ہے کہ انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا جائے گا۔

وکیل اظہر صدیق نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت تمام اداروں کو مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے اورعدالت فواد چوہدری کو دیگر قائم مقدمات میں پیش ہونے تک ضمانت بھی منظورکرے۔

متعلقہ خبریں