عدالت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پروفاق، وزارت پٹرولیم اور اوگرا سے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافہ کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے چیئرمین اظہر صدیق ایڈووکیٹ نےدلائل دیے۔
جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت، وفاقی وزارت پٹرولیم اور اوگرا سے جواب طلب کرلیا۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ کمی ہوئی ہے۔ عالمی منڈی کےتناسب سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ کردیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ ملک میں قیمتیں کم نہ کرنے سے مہنگائی ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ استحصال اورآئین کے منافی ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔




















