سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے گھرپر چھاپے اور پولیس ہراسگی کے معاملے میں عدالت نے وفاق، پنجاب حکومت اور دیگرسے جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سینئررہنما اور سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے وکیل عامرسعید راں نے پرویز الہی کےگھرپرچھاپے اور پولیس ہراسگی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں درخواست داٸر کی۔
وکیل عامر سعید راں نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ پرویزالہی کے گھر پر چھاپہ بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پرویز الہی سابق وزیراعلی ہیں جنھیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل نے درخواست میں مؤقف اختیارکیا کہ بغیرمقدمہ کسی کے گھر چھاپہ قانون کے خلاف ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت پولیس کو چھاپوں اور ہراساں کرنے سے روکے۔
عدالتِ عالیہ سے درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ اگر کوٸی مقدمہ درج ہے تو پولیس ریکارڈ فراہم کرے۔
لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری پرویز الہی کے گھر پر چھاپے اور پولیس ہراسگی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر ہونے کے بعد عدالت نے وفاقی حکومت،حکومت پنجاب ایف آئی، اینٹی کرپشن اور آئی جی پنجاب سے 3فروری کو جواب طلب کرلیا۔
جسٹس شہرام سرور چوہدری نے چیمبر میں سماعت کی جبکہ چوہدری پرویزالہی کے وکیل عامر سعید راں نے دلائل دیے۔
اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ نے ظہور الہیٰ ہاؤس کنجاہ گجرات پر غیر قانونی پولیس چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو رات کے اندھیرے میں حراسہ کیا گیا، 2 ماہ کی نگران حکومت ان اوچھے ہتکنڈوں سے باز رہے۔




















