Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایم کیو ایم پاکستان کی چیف جسٹس پاکستان کو سوموٹو نوٹس لینے کیلئے درخواست ارسال

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے پرایم کیو ایم پاکستان نے چیف جسٹس پاکستان کو سوموٹو نوٹس لینے کیلئے درخواست ارسال کردی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے میں ایم کیوایم پاکستان نے درخواست کی نقول کمشنر اقوام متحدہ انسانی حقوق سیل جنیوا کو بھی ارسال کی۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے خط میں لکھا کہ شہری سندھ میں غیر قانونی غیر آئینی طریقے سے انتخابات کرائے گئے۔ انتخابات کرانے میں بائیسویں آئینی ترمیم کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔

 خالد مقبول صدیقی نے خط میں لکھا کہ الیکشن کمیشن کورم پورا نہ ہونے کے باوجود شیڈول کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔ بلدیاتی انتخابات کرانے میں عالمی قوانین کو بھی نظرانداز کیا گیا۔ متنازع حلقہ بندیوں پرانتخابات میں شہری سندھ کے لوگوں کے حقوق سلب کیے گئے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پرسوموٹو نوٹس کیا جائے۔

درخواست میں جنیوا کنونشن کے حوالاجات بھی شامل کیے گئے، درخواست کی نقول سپریم کورٹ کے تمام ججز کو بھی ارسال کی گئی۔

درخواست کی نقول طارق منصور ایڈووکیٹ کے توسط سے چیف الیکشن کمشنر، تمام صوبوں کے الیکشن کمیشن، صدرمملکت، وزیراعظم پاکستان، وزیراعلی سندھ ، گورنر سندھ، چیف سیکرٹری، چیئرمین انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان اورچیئرمین فافین کو بھی ارسال کی گئی۔

متعلقہ خبریں