سندھ ہائی کورٹ نے سرشاہ سلیمان روڈ فرنیچرمارکیٹ میں فوری تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کمپلیکس سر شاہ سلیمان روڈ پر تجاوزات کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے سر شاہ سلیمان روڈ فرنیچر مارکیٹ فوری تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے دیا۔
عدالتِ عالیہ نے اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد، اینٹی انکروچمنٹ اور دیگر کو روڈ کلئیر کرنے اور کے الیکٹرک کو کیبنز، پتھاروں اور دیگر تجاوزات سے بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کا حکم بھی دیا۔
وکیل درخواست گزارعطا محمد خان ایڈووکیٹ نے مؤقف پیش کیا کہ کچھ قابض کی طرف سے سرشاہ سلیمان روڈ تجاوزات قائم کردیے گئے، تجاوزات قائم ہونے سے سروس روڈ مکمل طور پر قبضہ ہوچکی ہے۔
وکیل درخواست گزارنے مؤقف اختیار کیا کہ کیبنز، پتھاروں اور دیگر تجاوزات قائم کرنے والوں نے بجلی کے غیر قانونی کنکشنز بھی حاصل کرلیے ہیں۔ کنڈا مافیا کی وجہ سے بجلی کے بلوں کا بوجھ عام صارفین پرڈال دیا جاتا ہے۔
وکیل درخواست گزارنے مذید کہا کہ کراچی کمپلیکس کے مکینوں اور راہگیروں کا سروس روڈ سے گزرنا محال ہوچکا ہے۔
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس آف پیس کو سیکشن 22 اے کے اختیارات دینے کے خلاف درخواست کی بھی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار مرید علی شاہ کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے حکومت سندھ کو جواب دینے کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔




















