عدالت نے ٹرانسجینڈرکیلئے قائم ماہرین پرمشتمل مانیٹرنگ کمیٹی کو تمام فریقین کی رائے لینے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی شرعی عدالت میں ٹرانسجینڈر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ سماعت قائم مقام چیف جسٹس سید محمد انورکی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔
دوران سماعت وفاقی شرعی عدالت نے ٹرانسجینڈر کیلئے قائم ماہرین پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی کو تمام فریقین کی رائے لینے کی ہدایت کردی اور کراچی میں ٹرانسجینڈرز کے حوالے سے درج ہونے والے تمام مقدمات کا ریکارڈ بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
وفاقی شرعی عدالت کے دو رکنی بنچ نے چاروں صوبوں کے سوشل ویلفئیراداروں سے ٹرانسجینڈرز کیلئے کیے گئے اقدامات پر مبنی رپورٹس طلب کرلیں۔
قائم مقام چیف جسٹس سید انورنے کہا کہ جو بھی کمیٹی کو تجاویز دینا چاہے وہ دے سکتا ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل فرید ڈوگر نے بتایا کہ بلوچستان میں ٹرانسجینڈرز کیلئے بحالی مرکزبنا دیا گیا، بحالی مرکز میں کوئی ٹرانسجینڈر جانے کو تیار نہیں۔
کیس کی مزید سماعت 15 فروری کو لاہور میں ہوگی۔




















