Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپر ٹیکس کے تمام مقدمات یکجا کرکے سماعت اگلے ہفتے مقرر کرنے کا حکم

سپریم کورٹ نے سپرٹیکس کے تمام مقدمات کو یکجا کر کے سماعت اگلے ہفتے مقرر کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کیس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال نے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بینک کرپٹ نہیں ہو رہا۔ روزانہ پاکستان سے چارکروڑ ڈالر غیر قانونی طور پر باہر جارہے ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ہمیں صرف منظم ہو کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر ایک کو ملک کے مفاد کے لیے اپنے آپ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ حکومت فارن کرنسی کی بیرون ملک اسمگلنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کرے تو صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے سپر ٹیکس کے تمام مقدمات کو یکجا کرکے سماعت اگلے ہفتے مقرر کردی۔

دورانِ سماعت وکیل ایف بی آر نے کہا کہ سپر ٹیکس کیس میں لاہور ہائی کورٹ کا حتمی فیصلہ آ گیا ہے۔ لاہورہائی کورٹ نے سپر ٹیکس کے فیصلے پرعملدرآمد 60 دن کے لیے معطل کردیا۔

وکیل فیصل صدیقی نے بتایا کہ ٹیکس کیسزمیں روایات موجود ہیں کہ عدالت کمپنیوں کو 50 فیصد ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیتی ہے جب کہ وکیل کمپنیز نسیم فروغ نے کہا کہ لاہورہائی کورٹ کا حتمی فیصلہ آنے کے بعد عبوری حکم کے خلاف ایف بی آر کی درخواستیں غیر مؤثرہو چکی ہیں۔

وکیل فروغ نسیم نے کہا کہ عدالت درخواستیں غیرمؤثر ہونے کے بعد 50 فیصد سپر ٹیکس کی ادائیگی کا حکم نہیں دے سکتی۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اگلے ہفتے اس کیس کو مقررکر دیتے ہیں، ایف بی آر سپر ٹیکس کیس میں اچھی نیت سے آیا ہے۔  معلوم ہے کہ شیل پاکستان پہلے ہی کروڑوں روپے کا ٹیکس ادا کرتا ہے۔

سپریم کورٹ نے سپر ٹیکس کیس کی سماعت 16 فروری تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

متعلقہ خبریں