پنجاب بھر میں افسروں اور اسسٹنٹ کمشنرز کےتبادلوں کےنگران حکومت کےاقدام کو لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں یہ درخواست شہباز اکمل جندران ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں پنجاب بھر میں افسروں اوراسسٹنٹ کمشنرز کےتبادلوں کے نگران حکومت کےاقدام کوچیلنج کیا گیا۔
شہباز اکمل جندران ایڈووکیٹ درخواست میں حکومت پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا اوراس میں مؤقف اختیار کیا کہ نگراں حکومت نےغیر قانونی اقدام کرتے ہوئے پنجاب بھرمیں افسروں اور اسسٹنٹ کمشنرز کےتبادلے کردیے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نگران حکومت کو تقروتبادلوں کا کوئی آئینی اور قانونی اختیار حاصل نہیں۔ نگران حکومت کا کام انتخابات کرانے کےلئے الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا یے۔
دائر درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون کےتحت ٹینیورپوسٹ پرموجود افسروں کو عہدے کی معیاد مکمل ہونے تک ٹرانسفر نہیں کیاجاسکتا۔ افسروں کےتبادلوں سےعام سائلین اور شہریوں کو مشکلات کا سامناہے۔ نگران حکومت نے سیاسی مفادات کےلئے افسروں کےتبادلے کرکےغیرقانونی اقدام کیا۔
شہباز اکمل جندران ایڈووکیٹ نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت افسروں اور اسسٹنٹ کمشنرز کےکئے تبادلوں کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔




















