Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنےکا معاملہ؛ رانا ثنا اللہ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج

لاہورہائی کورٹ نے عدلیہ کو اسکینڈلائزکرنے پروفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ شاہد رانا ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار رانا شاہد ایڈووکیٹ نےبتایا کہ رانا ثنا اللہ نے لائیو پریس کانفرنس کرکے سابق وزیراعلیٰ پرویزالہی اور صدر سپریم کورٹ بار کی آڈیو لیک کی، رانا ثناء اللہ نے آڈیو لیک کر کے عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔

وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ وکیل اور کلائنٹ کی پرائیویسی کو متاثر کرکے قانونی حلقوں کو ہیجان میں مبتلا کیا،غیر آئینی اقدام کرنے اور عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے پر رانا ثناءاللہ کےخلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ اس مسئلہ کو دیکھ رہی ہے، کیاآڈیو کی فرانزک رپورٹ ساتھ لگائی ہے، آپ کا کیا تعلق ہے اس سے معاملے سے ہم اس کو سنبھال لیں گے۔

عدالتِ عالیہ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں شاہد رانا ایڈووکیٹ کی جانب سے رانا ثنا اللہ کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی جس میں وکیل درخواست گزار نے وفاقی وزیرداخلہ کو فریق بنایا۔

متعلقہ خبریں