پی ٹی آئی کےگرفتاررہنماؤں پرفوجداری مقدمات اوردوسرے اضلاع منتقلی کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائرکر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے گرفتاررہنماؤں اور کارکنان پر فوجداری مقدمات اور دوسرے اضلاع منتقلی کے خلاف درخواست پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے درخواست میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
فواد چوہدری کی جانب سے درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان گرفتاری دینے کے لیے چیئرنگ کراس لاہور پہنچے۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ تمام رہنما اور کارکنان علامتی گرفتاریاں دی ہیں۔ کوئی رہنما اور کارکن مجرم نہیں ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت حکومت کو تمام گرفتاررہنماؤں اور کارکنان کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
فواد چوہدری کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ تمام افراد کو دوسرے اضلاع کی جیلوں میں منتقل کرنے سے بھی روکا جائے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی جانب سے جیل بھرو تحریک میں فیاض چوہان، زلفی بخاری اور اعجاز خان نے گرفتاری دے دی۔




















