عدالتِ عظمٰی نے راؤ انوارکا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست پروزارت داخلہ کو نوٹس جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کر دیا۔
وکیل درخواست گزارعمر اسلم نے مؤقف اختیار کیا کہ راؤ انوارکا جس کیس میں نام ای سی ایل میں ڈالا گیا وہ ختم ہو چکا، اب نام ای سی ایل میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ راؤ انوار کے خلاف کیس کا فیصلہ ہو چکا، وکیل کے مطابق راؤ انوار کسی اور کیس میں مطلوب بھی نہیں۔
جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوارکا نام نقیب اللہ محسود قتل کیس میں ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔ ٹرائل کورٹ سے بری ہونے کے فیصلے کے بعد راؤ انوار نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔




















