اسموگ کے تدراک کے معاملے میں عدالتِ عالیہ نے محکمہ واپڈا کو لاہور میں درخت کاٹنے سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ واپڈا اہلکار لائنوں کو سیدھا کرتے وقت درخت کاٹ رہے ہیں جس پرجسٹس شاہد کریم نے واپڈا کے محکمے کو لاہور میں درخت کاٹنے سے روکتے ہوئے کہ درخت کاٹنے والوں کو جیلوں میں ڈالوں گا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسموگ لاہوریوں کی زندگیوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ دوران سماعت رمضان المبارک میں بیکریوں کو رات میں مزید ایک گھنٹہ کھلا رکھنے کی مہلت دینے کی استدعا مسترد کی گئی۔
جسٹس شاہد کریم نے چیف سیکریٹری پنجاب اور چیئرمین پی این ڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور فصلوں کی باقیات سے متعلق جدید مشینری کے بجٹ کو روکنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔
عدالت نے کہا کہ کلمہ چوک انڈر پاس کا نگراں وزیراعلیٰ نے افتتاح کیا جو نگراں وزیر اعلیٰ کا اختیارنہیں ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو اتنی جلدی افتتاح کرنے کی کیا تھی؟ ابھی تو کلمہ چوک انڈر پاس زیر تعمیر ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ انڈر پاسز اور دیگر تعمیراتی پروجیکٹس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک جام رہتی ہے۔ کیا ایل ڈی اے ٹریفک جام میں چاہتی ہے کہ شہری گاڑیوں میں مر جائیں؟




















