عدالت نے پولیس کو سابق وزیراعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل روکنے کے معاملے میں فواد چوہدری کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔
تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت اسلام آباد میں پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے روکنے سے متعلق کیس میں عدالت نے 50 ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض سابق وفاقی وزیرفواد چودھری کی عبوری ضمانت منظور کی۔
سیشن عدالت نے آئندہ سماعت میں 20 مارچ کو تفتیشی افسرکو پیش رفت رپورٹ سمیت طلب کر لیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ندیم حسن وسیر نے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
فواد چوہدری کی عبوری ضمانت کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ریس کورس پولیس نے حقائق کے منافی مقدمہ درج کیا۔ اسلام آباد پولیس نے سیشن عدالت اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری کی عدم تعمیل کا الزام لگایا۔
رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ پولیس نے درخواست گزار پر دھمکیاں دینے اور اعانت جرم کا بھی بے بنیاد الزام لگایا۔ پولیس کو عدالتی احکامات کی تعمیل میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔
وکیل فواد چوہدری نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کیلئے عبوری ضمانت دی جائے۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مؤقف سننے کے بعد سابق وفاقی وزیرفواد چودھری کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔




















