لاہورہائی کورٹ نے گجرات ڈویژن اور وزیر آباد سمیت نئے اضلاع کی بحالی کےحکم امتناعی میں توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو تفصیلی جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی اور کہا کہ جواب جلد جمع کرائیں الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ 30 اپریل مقررکررکھی ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ تاخیر سے جواب آنے پرالیکشن کا ہرج ہوسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مؤقف اپنایا کہ انتخابات پرانی حلقہ بندیوں پر ہی ہوں گے صرف نمبر بدلیں گے جس کے بعد عدالت نے نئے اضلاع کی معطلی کا نگران حکومت کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کےحکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت 22مارچ تک ملتوی کردی۔
جسٹس شاہد کریم نے اخلاق حیدر سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کی، درخواستوں میں نئے ڈویژن گجرات کی تشکیل کیخلاف نگران حکومت کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا۔
درخواستوں میں وزیرآباد، کوٹ ادو سمیت دیگر نئے اضلاع بنانے کیخلاف نگران حکومت کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا جبکہ نعمان اکبر کے وکیل مبین قاضی نے دلائل دیے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کی گجرات کو ڈویژن اور وزیر آباد کو ضلع کا درجہ ایک منتخب نے دیا تھا۔ منتخب حکومت کے فیصلے کو نگران حکومت ختم نہیں کرسکتی۔
مبین قاضی ایڈووکیٹ نے کہا کہ نگران حکومت کا کام روزمرہ کے معمولات کو نمٹانا ہے، استدعا ہے کہ نگران حکومت کی جانب سے گجرات کے ڈویژن اور وزیر آباد ودیگر کے ضلع کے درجہ کو معطل کرنے کا حکم کالعدم قراردیا جائے۔




















