پاکستان تحریک انصاف نے دفعہ 144 کے نفاذ کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالتِ عالیہ لاہور میں پی ٹی آئی کی جانب سے دفعہ 144کےنفاذ کوچیلنج کرتے ہوئے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پرامن احتجاج ہرشہری کا بنیادی حق ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کےرہنما حماد اظہرنے ظفراقبال منگن ایڈووکیٹ اورعثمان ریاض گل کےتوسط سے دائرکی ہے۔
درخواست میں حکومت پنجاب، محکمہ داخلہ پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر کو فریق بنایا گیاہے۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ پرامن احتجاج ہرشہری کا بنیادی حق ہے۔ سیاسی جماعت کو انتخابی مہم سے روکنے کےلئےدفعہ 144کا غیر قانونی نوٹیفیکیشن جاری کیاگیا۔ استدعا ہے کہ عدالت دفعہ 144کےنفاذ کو کالعدم قرار دے۔
اس سے قبل لاہورہائی کورٹ میں عمران خان کی تقاریرکی نشریات پر پابندی کے خلاف درخواست کے معاملے میں جسٹس شاہد بلال حسن نے سماعت سے معذرت کرلی۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے معذرت کی۔
لاہورہائی کورٹ نے عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کے خلاف درخواست سماعت کےلئے مقررکی تھی۔
عدالتی حکم پرعمران خان کے وکیل بیرسٹراحمد پنسوتہ نے پیمرا کامصدقہ حکم نامہ درخواست کے ہمراہ منسلک کیا۔ عدالت نے رجسٹرارآفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی ہدائت کی تھی۔




















