پی ٹی آئی کی دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت، الیکشن کمیشن اوردیگرسے جواب طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی دفعہ 144کےنفاذ کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے حکومت پنجاب، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور اٹارنی جنرل کو معاونت کےلیے طلب کرلیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 14 مارچ تک ملتوی کردی، پاکستان تحریک انصاف کےرہنما حماد اظہر کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔
وکیل اظہرصدیق نے دلائل میں کہا کہ پرامن احتجاج ہرشہری کا بنیادی حق ہے۔ پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنے کےلیےدفعہ 144 کا باربارغیر قانونی نوٹیفیکیشن جاری کیاجارہا ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیے کہ انتخابی شیڈول کےاجراء کےبعد دفعہ 144کانفاذ غیر آئینی اور بنیادی حقوق، کی خلاف ورزی ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت دفعہ 144کےنفاذ کو کالعدم قرار دے۔




















