سابق وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن حسان خان نیازی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے ڈیوٹی مجسٹریٹ مریدعباس نے دو صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ مریدعباس نے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ درج مقدمے کے مطابق حسان خان نیازی نے کارِسرکار میں مداخلت کی۔ درج مقدمے کے مطابق حسان خان نیازی نے پولیس کو دھمکیاں دیں اور بیریئرز توڑے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق درج مقدمے کے مطابق شریکِ ملزم جائے وقوعہ سے بھاگ گیا، حسان خان نیازی وقوعہ کے وقت اسلحہ سے لیس نہیں تھا، حسان خان نیازی گزشتہ تین دنوں سے پولیس کی حراست میں تھالیکن کوئی برآمدگی نہ کی گئی۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے اختیارات کو جسمانی ریمانڈ میں توسیع کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا، اندھا دھند جسمانی ریمانڈ منظور نہیں کیا جاسکتا، جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جاتی ہے۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ مریدعباس نے تفصیلی فیصلے میں لکھا کہ حسان خان نیازی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جاتاہے، 6اپریل کو عدالت پیش کیاجائے۔




















