Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خاتون جج کو دھمکی دینے کامعاملہ؛ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے سول جج ملک امان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جج خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

سول جج نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے ان کو 18 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہر تاریخ پر عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی، گزشتہ سماعت پر جج نے کہا کہ بہت بار استثنیٰ دیا جاچکا۔

پراسیکیوٹرراجہ رضوان عباسی نے کہا کہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ان کے دستخط ہی نہیں، صرف ان کے وکلاء کے دستخط ہیں۔

خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت کے آغاز میں سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال رکھنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے ان سے سیکیورٹی واپس لینے کے متعلق ہائی کورٹ نے بھی نوٹس جاری کیے ہیں۔

فاضل جج نے کہا کہ سرکار کی طرف سے ابھی کوئی پیش نہیں ہوا، سرکارکی  طرف سے دیکھتے ہیں کیا کہا جاتا ہےْ

وکیل عمران خان کے وکیل نے کہا کہ میں ابھی ہائی کورٹ جا رہا ہو جس پرعدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ بےشک چلے جائیں آپ کے دلائل تو آگئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی سول جج ملک امان نے کیس کی سماعت میں 11 بجے تک کے لیے وقفہ کیا۔

متعلقہ خبریں