Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ریڑھی گوٹھ میں غیرقانونی تعمیرات و قبضہ، ایس بی سی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس

ریڑھی گوٹھ میں غیرقانونی تعمیرات اور قبضے کیخلاف درخواست پرایس بی سی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ریڑھی گوٹھ میں غیر قانونی تعمیرات اور قبضے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 28 اگست تک کے لئیے ملتوی کردی۔

عدالتِ عالیہ نے آئندہ سماعت پرفریقین سے جواب طلب کرلیا۔

سماعت کے آٖغاز میں درخواست گزار عبدالستار حکیم نے مؤقف پیش کیا کہ ریڑھی گوٹھ میں 300 ایکٹر کی زمین پر قبضہ کرکے غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں۔ نور فاطمہ سٹی ٹو کے نام سے ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی جارہی ہے۔

عبدالستار حکیم نے مؤقف اپنایا کہ یہ جگہ ریڑھی گوٹھ ، لاسی گوٹھ، لٹھ بستی اور دیگر علاقوں کے لوگوں کے لیے آمدورفت کے لیے ہے، سرکاری زمین پر قبضہ کرکے پلاٹ بنا کر بیچے جارہے ہیں۔

درخواست گزارنے کہا کہ میرے حفاظت کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں۔

درخواست میں چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور دیگر کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے، عدالت کی جانب سے نوٹس پر فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی گئی۔

سندھ ہائی کورٹ میں دوران ترقیاتی کام پی ٹی سی ایل کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے معاملے میں پی ٹی سی ایل کی سوک اداروں کے خلاف درخواست کی بھی سماعت ہوئی۔

ایس ایس پی سینٹرل، ایس ایچ او تھانہ بلال کالونی نے جواب جمع کرا دیا جس کے بعد عدالت نے حکم امتناعی میں 18 اگست تک کے لیے توسیع کردی۔

عدالت نے تمام سوک اداروں کو پی ٹی سی ایل کو آگاہ کیے بغیر ترقیاتی کام کرنے سے روک رکھا ہے۔

متعلقہ خبریں