عدالتِ عالیہ اسلام آباد نے اسد قیصر کی صوابی کے مقدمے میں دس روزہ حفاظتی ضمانت منظورکرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف صوابی اینٹی کرپشن کے درج مقدمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالتِ عالیہ نے اسد قیصرکی صوابی کے مقدمے میں دس روزہ حفاظتی ضمانت منظورکرتے ہوئے اینٹی کرپشن حکام کو دس روز تک اسد قیصر کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسد قیصر کو پچاس ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے، انھیں شاملِ تفتیش ہونے اور متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے اسد قیصر کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو آپ نہیں تھے تو درخواست گزار کو تو آنا چاہیے تھا جس پر وکیل شیرافضل نے جواب دیا کی معاون وکیل آیا ہوا تھا لیکن وہ بہتر طریقے سے عدالت کو آگاہ نہیں کرسکا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔ جمعے کے روز عدم پیروی کی بنا پرعدالت نے اسد قیصر کی ضمانت خارج کر دی تھی۔
عدالت نے اسد قیصر کی دس روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔




















