عدالت نے ٹریفک پولیس کو ہیلمٹ رولز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو پانچ ہزار روپے جرمانہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے نے موٹر سائیکل پر ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو پانچ ہزار روپے جرمانہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے ٹریفک پولیس کو ہیلمٹ رولز بنانے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس رولز بنائیں عدالت اس پر حکم جاری کرے گی، ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو پانچ ہزار روپے جرمانہ کریں۔ خلاف ورزی کرنے والے شہری خود بخود ٹھیک ہو جائیں گے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ پہلے دس دن ہیلمٹ کی تشہیر کریں اور شہریوں کو آگاہی دیں۔
دورانِ سماعت عدالت نے سی بی ڈی انڈر پاس میں پانی کھڑے ہونے کی انکوائری کا حکم دےدیا اور یہ بھی حکم دیا کہ انکوائری مکمل کرکے رپورٹ عدالت پیش کی جائے۔
جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ چیف انجینئر ایل ڈی اے کو خود بخود مستفی ہو جانا چاہیے تھا۔ سی بی ڈی انڈر پاس پہلی بارش بھی برداشت نہیں کرسکا۔
عدالت نے کلمہ چوک سی بی ڈی انڈر پاس میں پانی کھڑا ہونے سے اردگرد کے گھروں کے متاثر ہونے پر رپورٹ طلب کرلی۔
سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے لاہور کی سٹرکوں پر ٹریفک وارڈنز کا جگہ جگہ سٹرک بلاک کرکے چالان کرنے پر اظہار ناراضی کیا اور کہا کہ آدھی سٹرک بلاک کرکے وارڈنز چالان کررہے ہوتے ہیں جس سے ٹریفک جام ہوتی ہے۔




















