Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جعلی کرنسی نوٹ کی برآمدگی اورخرید و فروخت کے کیس میں ملزم کی ضمانت منظور

عدالت نے جعلی کرنسی نوٹ کی برآمدگی اورخرید و فروخت کے کیس میں ملزم کی ضمانت منظورکرلی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں جعلی کرنسی نوٹ کی برآمدگی اور خرید و فروخت کے الزام میں نجی سیکیورٹی گارڈ و پارٹ ٹائم بائیکیا چلانے والے ملزم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے ملزم جہانگیر خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے کہا کہ ملزم کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں پایا گیا جبکہ مزید تفتیش کے لیے بھی درکار نہیں،  مقدمہ میں جعلی کرنسی برآمدگی کی دفعہ بھی قابل ضمانت ہیں۔

وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم نجی سیکیورٹی گارڈ اور پارٹ ٹائم بائیکیا رائیڈر ہے، ملزم کو جب گرفتار کیا گیا تو وہ نجی سیکیورٹی کمپنی کے سپروائزر کے بیٹے کو بائکیا کی سہولت فراہم کررہا تھا۔ جعلی کرنسی نوٹ دوسرے ملزم سے برآمد ہونے مگر گواہ نہ بننے پر جہانگیر کو بھی مقدمہ میں فٹ کردیا۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ اسٹیٹ بنک نے بھی نوٹوں کے جعلی ہونے کی تصدیق کی ہے، ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی جائے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع پر لیاری کے علاقے میں کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران دو ملزمان کی تلاشی میں 5 ہزار روپے کے 22 جعلی نوٹ برآمد ہوئے، ملزمان کے خلاف تھانہ چاکیواڑہ میں مقدمہ درج ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں