Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں قید رکھنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں قید رکھنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردیتے ہوئے چیف جسٹس  اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامرفاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست منظور کر لی۔

تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولیات مہیا کی جائیں جن کے وہ حقدار ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید کی سزا سنائی گئی،  ٹرائل کورٹ نے اڈیالہ جیل میں رکھنے کا کہا مگر پٹیشنر کو اٹک جیل منتقل کیا گیا۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ اڈیالہ جیل میں گنجائش سے زائد قیدیوں اور سیکیورٹی خدشات کی بنا پر اٹک جیل منتقلی ہوئی، آئی جی جیل خانہ جات کی سفارش پر سزا مکمل کرنے کے لئے اٹک جیل منتقل کیا گیا،  ہائی کورٹ نے 28 اگست کو سزا معطل کی تو سائفر کیس میں گرفتاری عمل میں لائی گئی،  ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ پٹیشنر کو اڈیالہ جیل شفٹ کرنا سیکیورٹی رسک ہے۔

عدالت نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بھی اسی مؤقف کی تائید کی کہ پٹیشنر کو اٹک جیل رکھا جائے،  توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کے بعد پٹیشنر کا موجودہ سٹیٹس انڈر ٹرائل قیدی کا ہے،  اسلام آباد کے تمام کیسز کے انڈر ٹرائل قیدیوں کو اڈیالہ جیل میں رکھا جاتا ہے۔

تحریری حکم نامہ میں یہ بھی کہا گیا کہ صرف سزا یافتہ قیدیوں کو پنجاب کی کسی بھی جیل میں شفٹ کیا جا سکتا ہے، بطورسابق وزیراعظم چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں بہتر کلاس ملنے کے حقدار ہیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں