مریم نواز کا کہنا ہے کہ سانحہ جڑانوالہ پرمسیحی اوراقلیتی برادری کو جو تکلیف پہنچی، اس پر پاکستانیوں کی طرف سے معذرت کرتی ہوں، قائد محمد نوازشریف نے اقلیتوں کے ساتھ ہمیشہ یک جہتی کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اورچیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں، ہم سب پاکستانی ہیں، آج پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دِن واپس آرہے ہیں، اِن شاءاللہ، 21 اکتوبر کو پاکستان کی خوش حالی واپس آرہی ہے، 21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی واپس آرہی ہے، 2013سے 2018 تک نوازشریف کے دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی، نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی۔
نائب صدر ن لیگ اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس
نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہے ہیں ، مریم نواز
براہ راست دیکھیں:https://t.co/kGi5LWBrA5#BOLNews #MaryamNawaz pic.twitter.com/Fp7wt44MA7— BOL Network (@BOLNETWORK) October 5, 2023
مسلم لیگ ن کی سینئرنائب صدرنے کہا کہ نوازشریف کو اقتدار سے نکالا تو ملک سے امن وسکون بھی نکل گیا، تحریک پاکستان میں اقلیتوں کا کردارناقابل فراموش ہے، قیام پاکستان، دفاع پاکستان اور تعمیر پاکستان میں اقلیتوں کا برابرکا حصہ جو قابل فخر اور ناقابل فراموش ہے، اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی نظریہ پاکستان اور بابائے قوم حضرت قائد اعظم کے وعدوں اور فرمودات کی خلاف ورزی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) غیرمسلم پاکستانیوں کی نمائندہ اور سب سے بڑی جماعت ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں اقلیتوں کا کردار کیسے نظر انداز ہو سکتا ہے، قائد نواز شریف نے مسلم اور غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق میں کبھی امتیاز نہیں برتا، غیرمسلم پاکستانی مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کے ساتھ مل کر روشن پاکستان کی تعمیر کے عہد کا اعادہ کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان کی ترقی کا وژن دیں گے، آئین کے مطابق غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کا ایجنڈا دیں گے، جیسے ایک ازاد پاکستان بنا تھا، اب قرض، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے آزاد پاکستان بنائیں گے، ان شاءاللہ! مینار پاکستان پر ایک اسلامی جمہوری فلاحی مملکت کا خواب دیکھا تھا، اب مینار پاکستان پر پاکستان کو معاشی آزادی دلانے کا ایک اور تاریخی عہد کریں گے۔
مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ نواز شریف نے قوم سے ہر وعدہ پورا کیا، اب معاشی طور پر خود انحصار پاکستان بنانے کا وعدہ پورا کریں گے، مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کا دائرہ پورے پاکستان تک پھیلا رہے ہیں، پاکستان کی تمام اقلیتوں کو مسلم لیگ (ن) اقلتی ونگ کا حصہ بنائیں گے، قومی سطح پر اقلیتوں کی آواز کو طاقتور اور توانا بناکر پاکستان کو مضبوط کریں گے، قومی فیصلہ سازی میں اقلیتوں کے کردار اور آواز کو بڑھانا ہے، سکھ برادری کو دیکھ کر اپنے دادا کے پیدائشی علاقے امرتسر کی یاد آگئی۔
مسلم لیگ ن کی سینئرنائب صدرنے کہا کہ امرتسر میں دادا کے گھر کو گوردوارہ بنا دیا گیا تھا، امرتسر سے ہمیشہ دعاﺅں کے پیغامات آتے ہیں، ہم سب پاکستانی ہیں، آپ بھی اس کے اتنے ہی اہم سٹیک ہولڈر ہیں جتنے ہم ، سانحہ جڑانوالہ میں ملوث تمام عناصر کو سزا ملنی چاہیے، مسیحی برادری کو جس طرح اپنے گھروں سے باہر رہنا پڑا، وہ ہم سب کے لئے انتہائی قابل افسوس اور باعث شرم ہے، سانحہ جڑانوالہ نے ہمارے سر شرم سے جھکادیے، افسوس ہے کہ اتنی بڑی مسیحی برادری کو تحفظ نہیں دیا جاسکا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ پر مسیحی اور اقلیتی برادری کو جو تکلیف پہنچی، اس پرپاکستانیوں کی طرف سے معذرت کرتی ہوں، قائد محمد نوازشریف نے اقلیتوں کے ساتھ ہمیشہ یک جہتی کی، نوازشریف کرسمس والے دن پیدا ہوئے، اقلیتوں کے احترام اور یک جہتی والا جذبہ لے کر بڑی ہوئی ہوں، ڈویژنل سطح پر اقلیتی ونگ کے کنونشز انتہائی متاثر کن اور قابل تعریف تھے۔ اقلیتیں 21 اکتوبر کو بھرپور انداز میں قائد نوازشریف کا استقبال کریں گی۔
انھوں نے مذید کہا کہ مینار پاکستان پر مل کر پاکستان کی ترقی کا عہد کریں گے، پاکستان کے نوجوانوں کومذموم مقاصد کے لئے استعمال کیاگیا، آگ اور خون کی ندیاں بہائی گئیں، اللہ تعالی کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، سب کچھ بھلا کر پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔
اجلاس میں مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے نمائندوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















