Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توشہ خانہ ریفرنس؛ نوازشریف کی دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور

توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکر لی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف کی تین درخواستوں پر سماعت ہوئی، سابق وزیراعظم نوازشریف نے عدالت کے سامنے خود کوسرینڈرکردیا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کے پلیڈرمحمد عرفان بھی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔

جج محمد بشیر نے نوازشریف کو 10 لاکھ روپے ضمانتی مچلکوں جمع کرانے کی ہدایت کردی جس کے بعد نوازشریف کی قانونی ٹیم نے دس لاکھ روپے مچلکے عدالت میں جمع کرا دیے۔

احتساب عدالت نےنوازشریف کے دائمی وارنٹ بھی معطل کردیے اورنوازشریف کی ضبط شدہ پراپرٹی واپس کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 20 نومبرتک ملتوی کردی۔

سماعت کے دوران عدالت نے نوازشریف کو روسٹرم پر بلایا، جس کے بعد جج محمد بشیرنے نوازشریف کو دیکھ کرجانے کی اجازت دیدی۔ نوازشریف اوران کی قانونی ٹیم ہائی کورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔

نوازشریف کے جاتے ہی جج محمد بشیر واپس کمرہ عدالت میں آئے اورکہا کہ ہمیں تو کہا گیا تھا کہ سب پرامن ہوگا، وکیل نوازشریف قاضی مصباح نے جواب دیا کہ کوشش کی تھی کہ پرامن ہو لیکن اس وقت وکیلوں کا بھی ہجوم تھا۔

نوازشریف کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ مستقبل میں حاضری سے استثنی دیا جائے، جس پرجج محمد بشیرنے کہا کہ فرد جرم کیلئے تو نوازشریف کو آنا ہی پڑے گا۔

نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح نے احتساب عدالت میں 3 درخواستیں دائر کی تھیں۔ توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کی ضم شدہ پراپرٹی بحال کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں نوازشریف کا پلیڈر مقرر کیا جائے۔ عدالت میں نواز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔

اس سے قبل ذرائع کے مطابق پنجاب کی نگران کابینہ نے العززیہ ریفرنس میں ن لیگ کے قائد نواز شریف کی سزا معطل کر دی۔  نگران حکومت نے کریمنل پروسیجرل کوڈ کے سیکشن 401 کے تحت نواز شریف کی سزا معطل کی۔

نواز شریف کی سال 2019 لندن روانگی سے قبل بھی سیکشن 401 کے تحت سزا معطل کی گئی تھی، کریمنل پروسیجرل کوڈ کے سیکشن 401 کے تحت حکومت کسی بھی مجرم کی سزا معطل کرنے کا اختیاررکھتی ہے۔

 اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں