Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

زمین مالک کوبغیرمعاوضہ ادائیگی روڈبنانے پرپنجاب حکومت کو10لاکھ روپےکاجرمانہ

سپریم کورٹ نے نو مرلہ زمین پر مالک کو بغیر معاوضہ ادائیگی روڈ بنانے کے مقدمے میں حکومت پنجاب پردس لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے جرمانے کی رقم بھی زمین مالک کو ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےحکومت پنجاب کو تیس دن کے اندرزمین کی موجودہ قیمت کے مطابق رقم ادائیگی کا حکم دے دیا۔

فضول مقدمہ بازی کرنے پرچیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب بلیغ الزمان پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سرکارنے کسی کی زمین پر بغیر اجازت اورمعاوضہ روڈ کیسے بنایا؟ درخواست گزارنے سرکارکو زمین گفٹ نہیں کی اور نہ ہی سرکارنے قانون کے مطابق زمین ائکوائرکی۔

چیف جسٹس پاکستان نے ایڈشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فضول مقدمے کی درخواست آپ نے سپریم کورٹ میں کیوں دائرکی؟ ہمارا کام یہ راہ گیا کہ ہم ایڈوکیٹ جنرلزکو آئین پڑھاتے رہیں؟ کیوں نہ ایسے فضول مقدمہ بازی کیلئے آپ پر جرمانہ لگائیں۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی نے کہا کہ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کی ڈیوٹی کیا ہے؟ کیسے اس طرح فضول درخواست دائرکی، حقیقی مقدمات سائیڈ لائین کرکے فضول اورغلط مقدمات فائل کیے جاتے ہیں، فضول مقدمات فائل کرکے عوامی وسائل کے ساتھ ساتھ عدالتی وقت کا ضیاع کیا جارہا ہے۔

سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے زمین مالک کو معاوضے کی رقم ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

اپیلیٹ کورٹ اورہائیکورٹ نے زمین مالک کے حق میں فیصلہ دیا اور سپریم کورٹ نے برقراررکھا۔ پنجاب حکومت نے گوجرانولہ میں لیاقت علی نامی شہری کی زمین پر 2007 میں روڈ بنایا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائزعیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

اگرآپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج  https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں