Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کا ممکنہ بولنگ اٹیک

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کا ممکنہ بولنگ اٹیک سامنے آگیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 12 جنوری سے آکلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہونے جارہا ہے جس کے لیے پاکستان کا ممکنہ بولنگ اٹیک سامنے آگیا۔

رپورٹ کے مطابق اننگز کے آغاز میں پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین آفریدی بولنگ کریں گے جن کا ساتھ حارث رؤف دیں گے جب کہ ساتھ ہی تیسرے بولر زمان خان ہوں گے۔

بولنگ اٹیک میں ایک اور بولر کا اضافہ عامر جمال کا کیا گیا ہے جو بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں اپنی مہارتیں دکھائیں گے۔

پریکٹس سیشن کے دوران شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان کو ایک ہی گروپ کے طور پر نئی گیند کے ساتھ نیٹ میں بولنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

اس کے برعکس دوسرے گروپ میں محمد وسیم جونیئر، عامر جمال، اور عباس آفریدی کو دوسرے پریکٹس نیٹ پر بولنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

پہلے میچ میں محمد نواز کی جگہ اسامہ میر کو بطور اسپنر شامل کیے جانے کا امکان ہے جب کہ ممکنہ بیٹنگ آرڈر میں محمد رضوان اور صائم ایوب کی جوڑی اوپننگ کریں گی۔

بعد ازاں بابر اعظم ون ڈاؤن اور پھر فخرزمان چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے جب کہ اعظم خان کو بیٹنگ آرڈر میں پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے جو بطور وکٹ کیپر کھیلیں گے۔

علاوہ ازیں افتخار احمد چھٹے نمبر پر بیٹنگ کریں گے تاہم حالات کے مطابق اعظم خان اور افتخار احمد کی پوزیشن تبدیل ہوسکتی ہیں۔

پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون:

صائم ایوب، محمد رضوان (نائب کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، اعظم خان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، عامر جمال، شاہین آفریدی (کپتان)، اسامہ میر، حارث رؤف اور زمان خان۔

قومی اسکواڈ:

شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر) عامر جمال، عباس آفریدی، اعظم خان (وکٹ کیپر)، بابر اعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ (وکٹ کیپر) ، افتخار احمد، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، اسامہ میر اور زمان خان۔

یاد رہے کہ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 12 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا میچ 14 جنوری کو ہیملٹن میں ہوگا۔

تیسرا میچ 17 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھا میچ 19 جنوری کو کرائسٹ چرچ اور پانچواں و آخری میچ بھی 21 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں ہی کھیلا جانا ہے۔

متعلقہ خبریں