کپتان کین ولیمسن کی جگہ اسکواڈ میں شامل ہونے والے جوش کلارکسن میچ سے پہلے ہی انجری کا شکار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جوش کلارکسن کندھے کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں شامل نہیں ہوں گے۔
جوش کلارکسن کو پاکستان کے خلاف صرف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کپتان کین ولیمسن کی عدم دستیابی کے باعث اسکواڈ میں شامل کیا گیاتھا تاہم اب ان کی جگہ ول ینگ اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔
کین ولیمسن حال ہی میں اپنے گھٹنے کی انجری سے صحتیاب ہوئے ہیں اور اس کا معائنہ کروانے کی وجہ سے تیسرے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
تاہم وہ آخری دو میچز کے لیے اسکواڈ کو پھر سے جوائن کریں گے جو 19 اور 21 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل آکلینڈ میں کھیلا گیا تھا جس میں نیوزی لینڈ نے 46 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
دوسرا میچ کل ہیملٹن اور تیسرا میچ 17 جنوری کو ڈونیڈن میں کھیلا جائے گا۔




















