Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی سی سی کی پابندیاں، عثمان خواجہ نے فلسطینیوں کی حمایت کا نیا طریقہ اپنا لیا

آسٹریلوی اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ نے آئی سی سی کی پابندیوں کے باعث  فلسطینیوں کی حمایت کا نیا طریقہ اپنا لیا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئیٹر) پر جاری پیغام میں عثمان خواجہ نے بتایا کہ انہوں نے اسرائیلی مظالم کے شکار غزہ کے مظلوم بچوں کی مدد کرنے کے لیے ملبوسات بنانے والی ایک مشہور کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔

عثمان خواجہ نے ’اُوزی  فریڈم اینڈ ایکویلیٹی‘ کے نام سے ایک برانڈ لانچ کیا ہے جس کی ٹی شرٹس پر ان کے وہ جوتے پرنٹ ہیں جن پر انہوں نے فلسطینیوں کے حق میں نعرے درج  کیے تھے اور آئی سی سی نے اس پر پابندی لگادی تھی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ٹی شرٹس خریدیں۔ اس سے حاصل ہونے والی منافعے کی رقم  اقوام متحدہ کی تنظیم’ یونیسیف چلڈرن آف غزہ ‘ کے فنڈ میں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریزکے دوران ایک پریکٹس سیشن میں اپنے جوتوں پر فلسطین کی حمایت میں نعرے درج کیے تھے تاہم آئی سی سی نے انہیں میچ میں وہ جوتے پہننے سے روک دیا تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے پابند کیے جانے کے بعد عثمان خواجہ نے پہلا میچ  بازو پر سیاہ پٹی باندھ کرکھیلا تھا تاہم اس پر بھی آئی سی سی نے ایکشن لیتے ہوئے انہیں چارج کردیا تھا۔

بعد ازاں آئی سی سی نے عثمان خواجہ کو فلسطین کے حق میں بلے پر تحریر اور جوتے پر امن کی علامت فاختہ کا نشان استعمال کرنے سے بھی روک دیا  تھا جس کے بعد انہوں نے جوتوں پر اپنی بیٹیوں کے نام درج کرکے میچ کھیلا تھا۔

متعلقہ خبریں