اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی نیب کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر نیا بینچ تشکیل دے دیا۔
چیف جسٹس عامرفاروق اورجسٹس طارق محمود جہانگیری پرمشتمل دو رکنی بنچ پیر22 جنوری کو نیب کیسز میں جیل ٹرائل کے خلاف کیس سنے گا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے رخصت پر جانے کے بعد بنچ تبدیل ہوا۔ جمعرات کو جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس میں کہا تھا آئندہ کیس دستیاب بنچ کے سامنے لگے گا۔
جمعرات کو جسٹس میاں گل حسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔ اس سے قبل جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے جمعرات کو سماعت کی تھی۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی انسداد دہشت گردی عدالت سے 7 مقدمات میں ضمانتیں خارج ہونے کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کےخلاف درخواست سماعت کے لیے مقررکردی گئی۔
لاہورہائیکورٹ آفس نے درخواست کو 23 جنوری کو سماعت کے لیے مقررکردیا۔ جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کے تفتیشی افسرکو طلب کیا ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آٸی نے اے ٹی سی کے سات مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔




















