غیرشرعی نکاح کیس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی کی درخواست پرحکم امتناعی میں توسیع کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دوران عدت نکاح کیس کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ خاورمانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے غیرشرعی نکاح کیس کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست پر حکم امتناعی میں توسیع کردی۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عثمان ریاض گل و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نہیں ہے تو اس کیس کو اگلے ہفتے کے لیے رکھ لیتے ہیں، اس پررضوان عباسی نے استدعا کی کہ اس پر اسٹے کو ختم کریں، اسٹے اگر ختم نہیں کیا جاتا تو سماعت کل تک کےلئے ملتوی کریں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے رضوان عباسی کی حکم امتناعی ختم کرنے کی استدعا مستردکرتے ہوئے کہا کہ کوئی جلدی نہیں اگلے ہفتے تک لے جاتا ہوں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے 31 جنوری تک کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
خاورمانیکا کے وکیل نے کہا کہ عدالت کیس کو کل ہی دلائل کے لیے مقرر کردے، جس پرعدالت نے کہا کہ 31 جنوری کو دلائل کے لیے رکھ رہے ہیں۔
عدالت نے 31 جنوری تک گواہوں کے بیانات قلمبند نہ کرنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ کا حکم امتناعی 31 جنوری تک برقرار رہے گا۔




















