انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کرکٹ پر عائد پابندی کو ختم کرتے ہوئے رکنیت بحال کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سری لنکا کرکٹ پر عائد پابندی کو آج فوری طور پر ختم کردیا گیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ 10 نومبر 2023 کو سری لنکا کرکٹ کی رکنیت سیاسی مداخلت کے باعث معطل کی گئی تھی، صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی نے پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سری لنکا کرکٹ نے آئی سی سی کو حکومتی مداخلت نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
یاد رہے کہ ون ڈے ورلڈکپ میں سری لنکن ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے کرکٹ بورڈ کو فارغ کردیا تھا۔
بعد ازاں ارجنا رانا ٹنگا کو ذمہ داری سونپ کر عبوری چیئرمین مقرر کیا تھا تاہم سابق صدر نے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جس کے بعد اپیل کورٹ نے عبوری کمیٹی کے قیام پر عمل درآمد کو روک دیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی رکنیت معطل ہونے کے باعث سری لنکا انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی سے محروم ہوگیا ہے جس کے بعد انڈر 19 ورلڈکپ اب جنوبی افریقہ میں کھیلا جارہا ہے۔




















