اسلام آباد ہائی کورٹ نے دورانِ عدت نکاح کیس خارج کرنے کی درخواست نمٹانے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
تحریری فیصلے میں دھوکہ دہی سے نکاح کے الزام میں جاری سمن کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد کر دی گئی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے 16 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، فیصلے میں انھوں نے کہا کہ فراڈ سے نکاح کے الزام میں سمن جاری کرنے میں قانون کی خلاف ورزی نہیں پائی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری فیصلے میں کہا کہ ناجائزتعلقات کے الزام میں جاری سمن میں قانونی طریقہ کار پرعمل نہیں کیا گیا۔ دھوکہ دہی سے نکاح کی حد تک ملزمان ٹرائل کورٹ میں میرٹ پرکیس لڑیں۔
چیف جسٹس عامرفاروق نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواستیں جزوی منظور کی جاتی ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق فردِ جرم عائد ہونے کے بعد کیس خارج نہیں کیا جا سکتا۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے کیس خارج کرنے کی درخواستیں دائرکی تھیں۔ درخواستوں میں کیس قابلِ سماعت قرار دے کر طلبی کے جاری سمن خارج کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔




















