Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتخابات میں ہارنے والے امیدواوں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کے احکامات جاری

لاہورہائی کورٹ سے رجوع کرنے والے امیدواران کی درخواستیں خارج، الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔

لاہورہائیکورٹ ملتان بینچ کے سینیئرجج جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگرنے الیکشن درخواستوں پرمحفوظ فیصلہ جاری کردیا۔ الیکشن 2024 میں پی ٹی آئی، آزاد سمیت دیگر جماعتوں کے ناکام ٹھہرائے گئے امیدواروں نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا جس پرگزشتہ روزعدالت عالیہ میں وکلا دلائل کے بعد فیصلے محفوظ کیے گئے۔

امیدواروں نے مخالف امیدواروں، الیکشن کمیشن اورریٹرننگ افسران کے خلاف درخواستیں دائرکررکھی تھیں، امیدواروں نے فارم 45 ، 47 میں بے ضابطگیوں، کنسولیڈیشن پروسیجراورجیت گزٹڈ نوٹیفکیشن رکوانے کے لیےعدالت عالیہ سے رجوع کررکھا تھا۔

امیدواروں میں این اے 148 سے یوسف رضا گیلانی کی جیت کے خلاف بیرسٹر تیمورنے درخواست دائر کر رکھی تھی۔ پی پی 219 سے مسلم لیگ ن کے ہارنے والے ڈاکٹر اختر ملک نے درخواست دائر کر رکھی تھی۔ پی پی 217 سے سلمان نعیم سے ہارنے والے پی ٹی آئی آزاد امیدوار ظہور بھٹہ نے درخواست دائر کر رکھی تھی۔

ڈی جی خان این اے 186 سے ہارنے والے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار مہر سجاد چھینہ نے عدالت عالیہ سے رجوع کر رکھا تھا، پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار پی پی 290 ڈی جی خان سردار محی الدین کھوسہ نے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔ پی پی291 ڈی جی خان سے فہیم سعید چنگوانی نے بھی دھاندلی کا الزام عائد کر رکھا تھا۔

این اے 184 ڈی جی خان سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوارعلی محمد کھلول بھی دوبارہ گنتی کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی، پی پی 287 سےپی ٹی آئی کے آزاد امیدواراخلاق احمد بڈانی نے بھی دھاندلی کا الزام عائد کررکھا تھا۔ پی پی 286 پی ٹی آئی کے آزاد امیدوارفرحت عباس نے درخواست دائر کر رکھی تھی۔

پی پی 269 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدواراقبال خان پتافی ایڈووکیٹ نے بھی ناکامی کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا تھا، پی پی 268 پی ٹی آئی کے آزاد امیدوارجام محمد یونس ایڈووکیٹ سمیت دیگرنے بھی الیکشن پیٹشن دائر کر رکھی تھی، ڈی جی خان سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوارملک ثاقب اقبال ایڈووکیٹ نے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔

متعلقہ خبریں