ملتان سلطانز کے بعد کراچی کنگز کو بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا۔
ذرائع کے مطابق 2020 میں پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے والی کراچی کنگز کی ٹیم اپنے دو اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی مکمل دستیابی سے محروم ہوکر مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔
جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی اور انگلینڈ کے جیمی اوورٹن پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کراچی کنگز کو محدود دستیاب ہوں گے جس نے ٹیم مینجمنٹ کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔
تبریز شمسی رواں سیزن میں محض ابتدائی 6 میچز کے لیے دستیاب ہوں گے بعد ازاں وہ 6 مارچ سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے آل راؤنڈر جیمی اوورٹن بھی کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سرے کی نمائندگی کے لیے پی ایس ایل کو ادھورا چھوڑ جائیں گے۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے جنوبی افریقی کھلاڑی ریسی وین ڈیر ڈسن بھی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے باعث ٹورنامنٹ کو ادھورا چھوڑ جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے دو فاسٹ بولرز احسان اللہ اور ریس ٹوپلی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔




















