سپریم کورٹ آف پاکستان نے اشوک کماراورپیٹرک مسیحا کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی کی بلوچستان سے اقلیتی نشست کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا۔
وکیل حافظ احسان کھوکھرنے عدالت کو بتایا کہ ن لیگ کی صوبائی قیادت نے اشوک کمار کا نام ترجیحی فہرست میں دیا، مسلم لیگ ن کے سینٹرل سیکرٹریٹ نے پیٹرک مسیحا کا نام الیکشن کمیشن کو بھیجا۔
احسان کھوکھرنے مؤقف پیش کیا کہ قانون کے مطابق پارٹی سربراہ کی بھیجی گئی فہرست ہی قابل قبول ہوتی ہے۔
ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی فہرست مقررہ وقت کے بعد موصول ہوئی، قانونی طور پر فہرست وہی قابل قبول ہے کہ جو پارٹی سربراہ بھیجے۔
عدالت نے اشوک کمار اور پیٹرک مسیحا کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔




















