Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 9: چوتھے ٹاکرے کے لیے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری

لاہور: پولیس نے پی ایس ایل 9 کے چوتھے ٹاکرے کے لیے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیا۔

قائم مقام سی ٹی او لاہور سہیل فاضل کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت، ٹریفک کی موثر روانی اور شائقین کرکٹ کی آگاہی کے لیے ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 04 ایس پیز، 12 ڈی ایس پیز، 90 انسپیکٹرز فرائض سرانجام دے رہے ہیں، قذافی اسٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر 900 سے زائد وارڈنز تعینات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 20 فورک لفٹرز، 5 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہوں گے، شائقین کرکٹ کی سہولت اور باآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کیلئے 03 پارکنگ اسٹینڈز مختص ہیں۔

قائم مقام سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس روایتی انداز میں شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہے گی جب کہ مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گیں۔

سہیل فاضل کہتے ہیں کہ میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند نہیں رکھا جائے گا، ٹیم کی موومنٹ کے دوران مخصوص روڈز کو کچھ لمحوں کے لئے بند کیا جائے گا جب کہ موومنٹ گزرتے ہی تمام ڈائیورشن کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، اچھرہ سے آنے والے شائقین کرکٹ براستہ فیروز پور گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گیں، ٹھوکر، جوہر ٹاؤن، کاہنہ کی طرف سے آنے والے شہری براستہ سینٹر پوائنٹ گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گیں۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ کینٹ اور ڈیفنس کی طرف سے آنے والے شائقین کرکٹ سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ کرسکیں گے، راستہ ایپ، راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔

سہیل فاضل نے یہ بھی بتایا کہ شہری مزید راہنمائی اور مدد کیلئے ہیلپ لائن15 پر کال کرسکیں گے جب کہ شہری قذافی اسٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارکنگ اور اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے ٹریفک کے عملے سے رہنمائی لیں، ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے ہمہ وقت آگاہ رہنے کیلئے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم سنتے رہیں۔

متعلقہ خبریں