Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈی سی اسلام آبادکی معافی مسترد، اگلی سماعت پر شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کا حکم

ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی جس پرعدالت نے معافی قبول کرنے سے انکارکرتے ہوئے اگلی سماعت پر شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈی سی اسلام آباد اورایس ایس پی آپریشنزکے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈی سی اسلام آباد عرفان نوازمیمن عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

جسٹس بابرستارنے ان سے پوچھا کہ آپ کل عدالت کیوں نہیں پیش ہوئے؟ کیا آپ اسے مذاق سمجھتے ہیں؟ آپ کو نہیں معلوم آپ کی وجہ سے کیس تعطل کا شکارہوا ہے، آپ نے 970 ایم پی او آڈر جاری کیے ہیں۔

جسٹس بابرستارنے ڈی سی اسلام آباد پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے خلاف آپ نے ایم پی او آڈر جاری کیے ان کے ماں باپ نہیں تھے؟ ان کے بچے نہیں تھے؟ میں نے ڈی سی کو بتایا ہے کہ قانون کیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ آپ کون سا آرڈرسمجھتے ہیں؟ آپ اب دوسرے شوکاز نوٹس کا جواب عدالت میں جمع کروائیں گے، 970 دنوں کے 69 ایم پی او آرڈرز آپ نے جاری کیے ہیں، ان کے لوگوں کے ماں باپ نہیں تھے، کیا انھوں نے عمرہ پرنہیں جانا تھا ؟غلطی سے لگا تھا کہ آپ سمجھ گئے ہوں گے، یہ کیس صرف آپ کے کنڈکٹ کی وجہ سے چل رہا ہے۔

راجہ رضوان عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ آپ غصے میں ہیں ٹھوڑی دیر بعد سماعت کرلیں۔ ڈپٹی کمشنراسلام آباد نے بھی جسٹس بابرستار پر اعتراض کرتے ہوئے کیس دوسرے بنچ کو منتقل کرنے کی استدعا کر دی۔

جسٹس بابرستار نے استدعا مسترد کرکے دلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کیا اب بنچ آپکی مرضی سے بنیں گے، ہمیں اس کو ڈراماٹائزکرنے کی ضرورت نہیں ہے، دلائل دیں۔ ‏آپ کو اس کے نتائج بھگتنا ہونگے، شوکاز نوٹس جاری کررہے ہیں، پیرتک اس کا جواب دیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کو بیرون ملک جانے سے بھی روک دیا، جسٹس بابرستارنے کہا کہ آئندہ ہفتے کیس کا فیصلہ سنائیں گے۔

رضوان عباسی نے ڈی سی اسلام آباد پرعائد فرد جرم کا متن پڑھ کرسنایا، یہ چارج کریمنل توہین عدالت پرعائد کیا گیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو ڈپٹی کمشنر کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

متعلقہ خبریں