Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف درخواست پر سماعت 7 مارچ تک ملتوی

لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف درخواست پر سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔ 

جسٹس رسال حسن سید نے پیپلزلیبر یونین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے نبیل جاوید پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ نجکاری کے خلاف پہلے بھی ایک درخواست زیر سماعت ہے۔

عدالت نے کہا کہ اس درخواست کو بھی اسی کے ساتھ سن لیتے ہیں۔

درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت ہوا بازی اور پی آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزارکی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ نگران حکومت کو روز مرہ امور چلانے کا اختیار ہے، نگران حکومت پالیسی معاملات پر فیصلے نہیں کرسکتی، نگران حکومت نے قومی ادارے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بھی نگران حکومت نے اقدامات کرلیے، آئین کے مطابق نگران حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کا اختیار نہیں، قومی اثاثے پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے اصلاح کی جائے، استدعا ہے کہ عدالت نگران حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری سے روکنے کا حکم دے، عدالت پی آئی اے کی نجکاری کے اقدامات کالعدم قراردے۔

متعلقہ خبریں