Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سپریم کورٹ کا اہم حکمنامہ، وفاق اورصوبوں سے رپورٹ طلب

موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سپریم کورٹ نے اہم حکمنامہ کرتے ہوئےموسمیاتی تبدیلی کے چیلنج اور اقدامات پر وفاق اور تمام صوبوں سے رپورٹ طلب کرلی۔

سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی نوٹس جاری کر دیا اورتمام صوبوں کے ایڈوکیٹ جنرلز کو بھی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

حکم نامے میں عدالتِ عظمٰی نے کہا کہ گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس کے مطابق پاکستان پانچواں سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرات کا شکارملک ہے، پاکستان کو آفات کے خطرے کا بھی سامنا ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ قدرتی آفات کے خطرے پر 194 ممالک میں پاکستان 23 ویں نمبر پر ہے،  موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اعدادوشمارخطرناک ہیں،  اعداد وشمار موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔

عدالتِ عظمٰی نے حکم نامے میں کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے میں بنیادی شراکت دار نہیں،  اس کے باوجود موسمیاتی تبدیلی نتائج کو تسلیم کرنا اور ان کا مقابلہ کرنا ناگزیرہے، 2022کا سیلاب موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا پریشان کن ثبوت ہے۔

جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تحریری احکامات جاری کیے اورتمام فریقین کو 21 مارچ کیلئے نوٹس جاری کیا۔

سپریم کورٹ نے پرائیویٹ ایکسپرٹس سے بھی معاونت لینے کا فیصلہ کیا اوت حماد نقی خان اور عابد سلہری کو معاونت کیلئے نوٹس جاری کیا۔

متعلقہ خبریں