ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے بعد چیف کمشنر کیپٹن (ر) انوارالحق کا بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات ماننے سے انکارکردیا۔
جسٹس بابر ستارنے چیف کمشنراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق کو طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کی جانب سے شہریوں کے پلاٹوں کی ٹرانسفر پر پابندی کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔
جسٹس بابرستارنے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ انوارالحق، ممبراسٹیٹ طارق سلام مروت اور ڈی جی لینڈ آئندہ ہفتے پیش ہوں، شہریوں کی پراپرٹیز کو قانون کے مطابق ٹرانسفر کرنا سی ڈی اے کی ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریوں کے پلاٹوں کو قانون کے مطابق ٹرانسفر کرنے کا حکم دیا تھا۔ چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ انوارالحق نے ایف آئی اے کو جواز بنا کر سیکڑوں پلاٹوں کی ٹرانسفر روک دی تھی۔
وکیل قاضی عادل ایڈووکیٹ کے مطابق ایف آئی اے نے صرف زیرالتوا انکوائری کی ٹرانسفر کو روکا، سی ڈی اے نے سیکڑوں فائلز روک لیں۔
شہریوں نے چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔




















