Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیرون ملک سےبچےکی بازیابی کاکیس، سیکریٹری خارجہ وداخلہ سےعملدرآمدرپورٹ طلب

عدالت نے بیرون ملک سے بچے کی بازیابی سے متعلق کیس میں سیکریٹری خارجہ و داخلہ سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔

لاہور ہائیکورٹ میں بچے کی بیرون ملک سے بازیابی کےکیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران عدالت نے عدالتی احکامات نظرانداز کرنے پر وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم نظرانداز کرنے پرکیوں نہ توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی سیکریٹری خارجہ اور وفاقی سیکرٹری داخلہ سے عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے بیلجیئم سے بچے کی بازیابی کےلئے ایک ماہ کاوقت دیتے ہوئے سماعت 8مئی تک ملتوی کردی۔

سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ اگرآئندہ سماعت تک عمل درآمد نہ کیا گیا تو وزرا اور وزیراعظم کو طلب کیاجائے گا۔ وزارت داخلہ نے بچے کے باپ کی گرفتاری سے متعلق عدالت سے جھوٹ بولا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ وزارت داخلہ میں نکمے لوگ بھرتی کیے گئے ہیں۔ عدالتی حکم پرعمل درآمد کےلئے دو ماہ کاوقت دیاجائے۔

سیکرٹری داخلہ نے عدلات کو بتایا کہ بچے کا ڈی این اے کراکےرپورٹ پیش کردی گئی ہے جس پر عدالت نے کہا کہ یہ سب باتیں بہت پرانی ہیں خاتون کو دھکے کھاتے دوسال گزرچکے ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ اب زیادہ وقت نہیں دیا جا سکتا ورنہ آپ کےبڑوں کو بلالیتے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے خاتون کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار رابعہ نے بچے منان کی بیرون ملک سےواپسی کےلیےعدالت سے رجوع کررکھاہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سابق خاوند جعلی کاغذات پر بچے کو غیرقانونی طور پر بیرون ملک لےگیا۔

متعلقہ خبریں