سپریم کورٹ آف پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔
سپریم کورٹ میں موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے قیام کیلئے کابینہ سے سمری کی آج منظوری ہو جائے گی جس پرجسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ٹھیک ہے کل اتھارٹی کے قیام سے متعلق سمری پیش کردیں۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے استفسار کیا کہ اتھارٹی کے قیام سے متعلق پہلا آرڈر کب ہوا؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ چھ مئی کو اتھارٹی کے قیام سے متعلق عدالت نے کہا۔
اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے کل نو ممبران میں سے چارممبران صوبوں سے ہونے ہیں، امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے، اس وقت چار صوبائی ممبران جبکہ تین وفاق کے ممبران کا تقررہوچکا ہے۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ آپ سمری کل پیش کریں پھر فنڈز والے معاملے کو آہستہ آہستہ آگے لے کرچلیں گے۔




















