Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کے خلاف درخواستوں پر سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی

سندھ ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کے خلاف درخواستوں پرسماعت 8 اکتوبرتک ملتوی کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ سترہ فروری کو ایکس کو بلاک کیا،  آپ ہمیں اپریل کا لیٹر دکھا رہے ہیں، ٹوئٹر کو بھیجا گیا لیٹرکہاں ہے؟

عدالت نے کہا کہ آپ نے اپنے دستاویز میں نہیں لگایا، قانون کہتا ہے کہ کمپنی سے شکایت کے حل میں ناکامی کی صورت میں ایسا کیا جاسکتا ہے،  وہ خط کہاں ہے جس میں وجوہات کی بنیاد پر شکایت کی گئی ہو؟

ضیا مخدوم نے عدالت کو بتایا کہ ایکس کو 1418 شکایات کی گئیں، ایکس نے صرف 103 شکایات پر مواد ہٹایا، ‎1183 شکایات پر تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا، روزانہ کی بنیاد پر ای میل کے ذریعے ٹویٹر سے خط و کتابت ہوتی ہے۔

اس پرعدالت نے کہا کہ مواد ہٹانے کی درخواست کس بنیاد پر مسترد کی گئیں؟ یہ کارروائی یقیناً بندش کے نوٹیفکیشن سے پہلے کی ہوگی؟

سندھ ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت تک ایکس سے خط وکتابت کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ مواد ہٹانے کی درخواست کس بنیاد پر مسترد کی وہ وجوہات جاننا چاہتے ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ٹوئیٹرسے خط کتابت خفیہ دستاویز ہے، ہم ریکارڈ عدالت کو فراہم کردیں گے، عدالت چاہے تو فریقین کو فراہم کرسکتی ہے۔ اس پرعدالت نے کہا کہ مکمل رپورٹ کی ضرورت نہیں ہے، ہمیں صرف شکایت کی بنیاد اور ایکس کا جواب چاہیئے۔

سندھ ہائی کورٹ نے درخواستوں کے مزید سماعت 8 اکتوبرتک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں